پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف غیر منقولہ قانون کی معطلی پر مریم نواز کا ردعمل

پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف غیر منقولہ قانون کی معطلی پر مریم نواز کا ردعمل
کیپشن: پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف غیر منقولہ قانون کی معطلی پر مریم نواز کا ردعمل

ویب ڈیسک: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف غیر منقولہ کے قانون مجریہ 2025 کی معطلی پر بیان جاری کردیا ہے۔   

اپنے بیان میں  مریم نواز شریف نے کہا کہ برسوں اور نسلوں چلنے والے زمین اور جائیداد کے مقدمات کو پہلی بار 90 دن میں طے کرنے کی حد مقرر کی گئی۔ ہم نے برسوں اور دہائیوں کے ستائے ہوئے لاکھوں اہل پنجاب کی مدد کا قانون بنایا۔ 

عوام کی منتخب صوبائی اسمبلی نے یہ قانون بنایا تاکہ طاقتور لینڈ مافیا کے چنگل سے عوام کو نجات ملے ۔اس قانون سے پہلی بار عوام کو اپنی قانونی زمین اور جائیداد کے تحفظ کی طاقت ملی۔شہادت پر مبنی قانون تیار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا عدالتی فیصلہ اعلی عدلیہ کے طے کردہ مسلمہ اصولوں کے مطابق نہیں۔ اس قانون کی معطلی سے قبضہ مافیا کو فائدہ ملے گا، عوام اسے قبضہ مافیا کی پشت پناہی سمجھیں گے۔ یہ قانون مظلوم عوام کو تحفظ دیتا ہے جس میں انتظامی اور قانونی تمام پہلوؤں کو جامع انداز میں شامل کیا گیا۔ 

انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ زمینوں کے مقدمات میں دہائیوں سٹے آرڈر چلتے ہیں۔ یہ قانون مریم نواز کے فائدے کے لئے تھا نہ اس کی معطلی سے ہماری ذات کو کوئی نقصان ہوا ہے البتہ قبضہ اور لینڈ مافیا کے ستائے عوام کا ضرور بڑا نقصان ہوا ہے۔قانون سازی کرنا صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے جس سے اسے روکا نہیں جا سکتا۔

اس قانون کو روکنے کا نقصان مریم نواز شریف کی ذات کو نہیں بلکہ غریبوں، مسکینوں، بے کسوں، بیواؤں اور مظلوموں کو ہوگا جن کی داد رسی ہو رہی تھی۔ انصاف ملنے سے غریب اور مظلوم کی بندھ جانے والی آس ٹوٹ جائے گی۔ 

Watch Live Public News