ویب ڈیسک: دبئی میں مقیم معروف بھارتی ٹریول انفلوئنسر اور فوٹوگرافر انونے سود کی 32 سال کی عمر میں لاس ویگاس میں موت کیسے ہوئی؟ حقائق سامنے آگئے۔
امریکی حکام کے مطابق 32 سالہ انونے سود کی موت فینٹانائل اور الکحل کے کثرت (اوور ڈوز) سے استعمال کرنے پر ہوئی، بھارتی انفلوئنسر کی موت کے پیچھے کوئی اور محرکات نہیں ملے۔
بھارتی ٹریول انفلوئنسر انونے سود کی 4 نومبر کو امریکا کے شہر لاس ویگاس میں اچانک موت ہوگئی تھی، وہ لاس ویگاس کونکورس آٹوموبائل ایونٹ میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے، وہ وِن لاس ویگاس ہوٹل کے اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ اور پیرا میڈکس فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ طبی عملے نے انہیں بچانے کے لیے سی پی آر کیا اور نارکان (Narcan) کے پانچ انجیکشن دیے، جو عام طور پر منشیات کے اوور ڈوز میں لگائے جاتے ہیں تاہم تمام کوششوں کے باوجود انہیں صبح 7 بج کر 23 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
امریکی تفتیشی اداروں نے واقعے کی مکمل جانچ کے بعد واضح کیا ہے کہ انونئے سود کی موت حادثاتی تھی اور اس میں کسی تیسرے شخص کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
بھارت کے شہر نوئیڈا سے تعلق رکھنے والے انونے سود دبئی میں مقیم تھے، وہ شیوانی پریہار کے ساتھ رشتے میں تھے۔ اس سے قبل انونے سود کی منگنی معروف کانٹینٹ کریئیٹر برندا شرما سے ہوئی تھی۔
انونے سود کے انسٹاگرام پر تقریباً 1.5 ملین فالوورز ہیں، اور وہ فوربز انڈیا کی ’ٹاپ 100 ڈیجیٹل اسٹارز‘ کی فہرست میں تین سال (2022، 2023 اور 2024) شامل رہے۔ ان کی تخلیقات میں لگژری ٹریول، ایڈونچر اور ثقافتی جہان کی جھلک دکھائی جاتی تھی، جو لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتی تھیں۔