اینٹی کرپشن کی کرپٹ افراد سے وصولی، لاکھوں روپے سرکاری خزانے میں جمع

اینٹی کرپشن کی کرپٹ افراد سے وصولی، لاکھوں روپے سرکاری خزانے میں جمع
لاہور ( پبلک نیوز) اینٹی کرپشن پنجاب نے کرپٹ افراد سے 48 لاکھ روپے سے زائد وصول کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کروا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاوالدین اور مظفر گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے سرکاری افسران اور ٹھیکیداروں سے پیسے وصول کئے گئے۔ منڈی بہاؤالدین میں ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن تھانہ میں مقدمہ نمبر 2022/02 درج ہے۔ مقدمہ میں نامزد ٹھیکیدار نے تعمیراتی کام کی غلط پیمائش سے تیس لاکھ پانچ ہزار روپے زائد وصول کئے۔ ٹھیکیدار نے منڈی بہاوالدین میں مرالہ پل سے نارنگ روڈ تک سڑک کی مرمت کیلئے غلط پیمائش کے ذریعے مقررہ پیسوں سے زیادہ وصول کئے۔ ملزمان سے 31لاکھ5ہزار روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔ مظفر گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن پنجاب نے ملزمان سے کرپشن کے پیسے ریکور کر لئے۔ مظفر گڑھ میں نہر کو پختہ کرنے کے منصوبہ میں 1 کروڑ 27 لاکھ روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسر شاہین احمد نے جرم تسلیم کرتے ہوئے اپنے حصے کے 9 لاکھ 73 ہزار روپے سرکاری خزانہ میں جمع کر وادیئے ہیں۔ مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان سے پیسوں کی وصولی کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ملزمان نے جعلی ادائیگیوں کے ذریعے سرکاری خزانہ کو 1 کروڑ 27 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن مظفرگڑھ میں مقدمہ 2020/21درج ہے۔ سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچانے پر ایس ڈی او کینال ڈویژن کوٹ ادو سے 8لاکھ 48ہزار روپے ریکور کر لئے۔ ملزم محمد اقبال نے ایڈمن سیکشن کی اجازت کے بغیر 80لاکھ 78ہزار روپے کی زائد ادائیگیاں کیں

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔