جوا ایپ پروموشن کیس: عدالت نے ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے

جوا ایپ پروموشن کیس: عدالت نے ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے
کیپشن: جوا ایپ پروموشن کیس: عدالت نے ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے

ویب ڈیسک: جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے فریز شدہ بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ انہیں مشروط طور پر یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔

جوا ایپ کی مبینہ پروموشن سے متعلق کیس میں ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ دورانِ سماعت عدالت نے قرار دیا کہ 27 ویڈیوز پر این سی سی آئی اے کو اعتراض ہے تاہم انہیں فوری طور پر حذف کرنے کا حکم نہیں دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کر لیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی گزشتہ برس اس وقت خبروں کی زینت بنے جب 16 اگست 2025 کو انہیں اہلیہ کے ہمراہ ملائیشیا روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں وہ تقریباً تین ماہ جیل میں رہے اور رہائی کے بعد دوبارہ سوشل میڈیا سرگرمیاں شروع کیں۔

گزشتہ ماہ انہوں نے یوٹیوب پر 10 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل بھی عبور کیا۔

Watch Live Public News