ویب ڈیسک: سپر ایٹ مرحلے میں کل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اہم میچ کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس کی فتح سیمی فائنل کی راہ ہموار کر سکتی ہے، جبکہ انگلینڈ جیت کی صورت میں فائنل فور میں جگہ بنا لے گا اور پاکستان کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہو جائے گا۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق کل بارش کا امکان نہیں اور دھوپ رہنے کی توقع ہے، جس سے میچ مکمل ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ میچ جس پچ پر کھیلا جائے گا وہ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 31 ٹی 20 میچز ہو چکے ہیں جن میں انگلینڈ نے 21 میں کامیابی حاصل کی۔ گزشتہ 15 مقابلوں میں پاکستان کو 10 شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ورلڈ کپ میں بھی قومی ٹیم تاحال انگلینڈ کو زیر نہیں کر سکی۔ پاکستان 2009، 2010 اور 2022 کے عالمی کپ میں انگلینڈ سے ہارا تھا۔
تاہم سری لنکا کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلا مقابلہ ہوگا، جہاں کنڈیشنز مختلف ہوں گی۔ ایسے میں پاکستان کے پاس تاریخ بدلنے اور سیمی فائنل کی دوڑ میں مضبوط واپسی کا موقع موجود ہے۔