سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد67 ہوگئی،77افرادتاحال لاپتہ

سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد67 ہوگئی،77افرادتاحال لاپتہ
کیپشن: سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد67 ہوگئی،77افرادتاحال لاپتہ

ویب ڈیسک: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 تک پہنچ گئی ہے تاہم اب تک صرف 17 لاشوں کی شناخت ہوسکی ہے، جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ آتش زدہ گل پلازہ کے باہر کئی روز سے موجود لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ریسکیو اور تحقیقاتی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ سانحے کو چھ روز گزر چکے ہیں مگر اب تک لاپتہ افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔ مخدوش عمارت کے مزید حصے گرنے کے خدشے کے باعث بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

عمارت کے منہدم ہونے والے حصوں میں لاپتہ افراد کی تلاش ریسکیو ٹیموں کے لیے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے، تاہم ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گل پلازہ میں آگ ہفتے کی شب لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے کر راکھ میں تبدیل کر دیا۔

دوسری جانب سانحہ گل پلازہ سے متعلق تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی روشنی میں ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی بلکہ یہ گل پلازہ میں موجود مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں بچوں کے کھیلنے کے دوران بھڑکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، آگ پہلے دکان میں موجود سامان میں لگی اور بعد ازاں بجلی کی تاروں کے ذریعے پورے پلازہ میں پھیل گئی۔

Watch Live Public News