اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے میں توسیع، جوائنٹ فیملیز کو بلاسود قرضوں کی سہولت

اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے میں توسیع، جوائنٹ فیملیز کو بلاسود قرضوں کی سہولت
کیپشن: اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے میں توسیع، جوائنٹ فیملیز کو بلاسود قرضوں کی سہولت

ویب ڈیسک: پنجاب کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے انقلابی منصوبے ’’ اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جوائنٹ فیملی سسٹم کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔

حکومت پنجاب نے سانجھے چولہے، سانجھے ویہڑے اور ’’ اپنی چھت بھی سانجھی‘‘ کے تصور کے تحت جوائنٹ فیملیز کو خصوصی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت جوائنٹ فیملیز کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود اور آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی باضابطہ منظوری وزیراعلیٰ پنجاب نے دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ’’ اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کا دائرہ کار اب جوائنٹ فیملیز تک بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا بڑا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جن شہریوں کے پاس اپنی زمین نہیں، انہیں زمین فراہم کرنے اور گھر کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت 1534 پلاٹس کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پلاٹس کی جلد از جلد قرعہ اندازی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے کے فنڈز میں اضافے اور دوسری قسط کی بروقت ادائیگی کے لیے بھی ہدایات جاری کیں۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی پھاٹا نے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 18 لاکھ 80 ہزار 81 جبکہ درخواست گزاروں کی تعداد 10 لاکھ 66 ہزار 559 ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 67 ہزار 197 گھر آباد ہو چکے ہیں جبکہ 53 ہزار 843 مکانات زیر تعمیر ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت اب تک 164 ارب 66 کروڑ روپے کے تاریخی بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں اور ریکوری کی شرح 99 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صارفین کے انتقال کی صورت میں پالیسی مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

Watch Live Public News