ویب ڈیسک: جدہ میں ورلڈ کرکٹ فیسٹیول ایف ٹو ڈبل وکٹ میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فتح حاصل کی میچ کے بعد ایک خوشگوار منظر سامنے آیا، جب پاکستان کے سینئر آل راؤنڈر سابق کپتان شعیب ملک اور سابق بھارتی فاسٹ باؤلر عرفان پٹھان نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔
اس میچ کے بعد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں ہاتھ ملا رہے ہیں جبکہ شعیب ملک اور عرفان پٹھان کی یہ گرمجوش ملاقات شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
یہ منظر بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ عرصے میں سامنے آنے والی تلخیوں کے بالکل برعکس تھا۔
یاد رہے کہ اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے سلمان علی آغا سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا تھا، جس پر خاصی بحث ہوئی تھی۔
یہ کشیدگی ایشیا کپ کے گروپ میچ سے شروع ہوئی، سپر فور مرحلے تک جاری رہی اور فائنل میں بھی برقرار رہی، جہاں بھارت نے پاکستان کو شکست دی لیکن پی سی بی چیئرمین اور اے سی سی صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
گزشتہ روز جدہ میں ہونے والے میچ کی بات کی جائے تو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 56 رنز چار کھلاڑی آؤٹ کے نقصان پر بنائے۔
شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 34 رنز بنائے، جبکہ عمران نذیر نے 16 رنز کا اضافہ کیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم 51 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی اور ہدف حاصل نہ کر سکی۔
یہ کامیابی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل تیسری فتح ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے یو اے ای کو شکست دی، جہاں چار اوورز میں 82 رنز بنا کر یو اے ای کی تمام چھ وکٹیں گرا دیں۔ شعیب ملک اور عمران نذیر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں لنکن لائنز نے 75 رنز تین وکٹوں پر بنائے، جس کے جواب میں پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 99 رنز بنا کر میچ آسانی سے جیت لیا۔ اس میچ میں شعیب ملک نے شاندار 56 رنز جبکہ عمران نذیر نے 30 رنز اسکور کیے۔