ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کو بہتر بنا کر ملکی آمدن میں اضافہ اور عام شہری پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بات انہوں نے ایف بی آر میں جاری اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ اور چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اہداف کے حصول میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ آئندہ ہفتے اصلاحاتی تجاویز سے متعلق قابل عمل اہداف اور ان کی تکمیل کی مدت پر مشتمل رپورٹ پیش کی جائے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ غیررسمی معیشت کے خاتمے اور انفورسمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ایف بی آر کے ڈیجیٹل ونگ کی ازسرنو تشکیل کے لیے ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے نفاذ میں کاروباری طبقے، تاجروں اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے تاکہ نظام مؤثر، شفاف اور قابل اعتماد بن سکے۔