پاکستان اور بنگلادیش کا سفارتی،سرکاری پاسپورٹس کو ویزافری انٹری دینے پراتفاق

پاکستان اور بنگلادیش کا سفارتی،سرکاری پاسپورٹس کو ویزافری انٹری دینے پراتفاق
کیپشن: پاکستان اور بنگلادیش کا سفارتی،سرکاری پاسپورٹس کو ویزافری انٹری دینے پراتفاق

ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلا دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ اس ضمن میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ڈھاکہ کے دورے کے دوران ہوئی، جہاں ان کی ملاقات بنگلا دیشی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ہوئی۔ ڈھاکہ پہنچنے پر محسن نقوی کاپرتپاک خیرمقدم اور گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے، انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ جیسے اہم شعبوں میں باہمی اشتراک پر اتفاق کیا۔ پولیس اکیڈمیوں کے تربیتی پروگراموں کے تبادلوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر طے پایا کہ پاکستان کے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا مشترکہ کمیٹی کی قیادت کریں گے، جبکہ بنگلا دیش کا اعلیٰ سطحی وفد جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا تاکہ سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی سے متعلق تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

بنگلا دیشی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جنہوں نے مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News