(ویب ڈیسک ) پنجاب پولیس رحیم یار خان کی بڑی کامیابی، 50 لاکھ روپے سر کی قیمت والے ڈاکو نے دیگر 6 ساتھیوں سمیت سرنڈر کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان پولیس نے کچہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، اس دوران 7 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے، سرنڈر کرنے والے کچہ کریمنلز میں 50 لاکھ روپے ہیڈ منی والا ڈاکو قربان لٹھانی بھی شامل ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان پولیس کا محاصرہ تنگ ہونے پر ڈاکو قربان لٹھانی نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالے، سرینڈر کرنے والوں میں جہانگیر دشتی، حکیم دشتی، رفیق لٹھانی، اعظم لٹھانی اور ابوبکر عمرانی شامل ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سرنڈر کرنے والے ڈاکو سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات کے ریکارڈ یافتہ ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 50 لاکھ روپے ہیڈ منی کے خطرناک ڈاکو، دیگر کی گرفتاری پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی کا کہنا ہے کہ ہتھیار چھوڑ کر پرامن زندگی کی طرف آنے والوں کے لیے راستے کھلے ہیں۔