ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم 2027 میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز 15 سے 26 مئی 2027 تک کھیلی جائے گی، جس کے میچز ساؤتھمپٹن، مانچسٹر، لیڈز، چیسٹر لی اسٹریٹ اور کارڈف میں ہوں گے۔
سیریز کا پہلا میچ 15 مئی کو ساؤتھمپٹن میں ہوگا، دوسرا 19 مئی کو مانچسٹر، تیسرا 21 مئی کو لیڈز، چوتھا 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ، جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 26 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔
پانچ میچوں پر مشتمل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم ثابت ہوگی۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا۔ موجودہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی۔