ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد کشمیر میں امن وامان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی درخواست پر آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا، کشمیر کے عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے، آزاد کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔