ویب ڈیسک: وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں کراچی الیکٹرک کے سروس ایریا کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں میٹر ریڈرز کا کردار بتدریج ختم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ’ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ نامی ایک نئی موبائل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ میٹر ریڈنگ ایپ جلد لانچ کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد میٹر ریڈنگ کے موجودہ نظام کی جگہ ایک شفاف اور خودکار نظام متعارف کرانا ہے۔
فی الوقت میٹر ریڈرز صارفین کے بجلی کے میٹرز کی تصویر لے کر متعلقہ ڈسکوز کے ذریعے پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی یعنی پی آئی ٹی سی کو بھجواتے ہیں، جس کی بنیاد پر بجلی کے بل تیار کیے جاتے ہیں۔ تاہم، اس نظام میں متعدد شکایات سامنے آئی ہیں، جن میں سب سے بڑی شکایت اضافی بلنگ کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ پاور اسمارٹ موبائل ایپ تیار کریں، جس کے استعمال کی ہدایات قومی زبان اور چار علاقائی یعنی پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی زبانوں میں دستیاب ہوں تاکہ عام صارفین بھی اسے با آسانی سمجھ اور استعمال کر سکیں۔
وزیرِاعظم نے پاور ڈویژن کو ایک ماہ کے اندر میٹر ریڈرز کے کردار کو ختم کرنے کا واضح منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
پاور ڈویژن اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک جامع اور مؤثر میڈیا مہم تیار کریں، جو اس اقدام کے اغراض و مقاصد کو عوام تک واضح انداز میں پہنچائے۔ یہ مہم وزیرِاعظم کی منظوری کے لیے اسی ہفتے پیش کی جائے گی۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ میٹر ریڈنگ کے عمل سے وابستہ انتظامی اخراجات میں کمی کی صورت میں ہونے والی بچت براہِ راست صارفین کو منتقل کی جائے۔ اس اقدام کی حمایت میں پی آئی ٹی سی نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کو خود ریڈنگ کے فوائد سے آگاہ کرنے کے لیے بھرپور میڈیا مہم تیار کریں۔