قومی سلامتی کمیٹی نے ایرانی نیوکلیئرتنصیبات پر حملہ  عالمی قانون ،  یواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیدیا

قومی سلامتی کمیٹی نے ایرانی نیوکلیئرتنصیبات پر حملہ  عالمی قانون ،  یواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیدیا

(ویب ڈیسک ) قومی سلامتی کمیٹی  کی جانب سے   ایران کے نیوکلیئرتنصیبات پرحملوں کی شدید مذمت کی گئی  ۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے  کے مطابق   اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کے تناظر میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا،  کمیٹی نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی،  عسکری اقدامات نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا، ان جارحیت پر مبنی اقدامات نے خطے میں کشیدگی کو فروغ دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  اسرائیلی جارحیت سے ایک بڑی جنگ کے خطرے کو بڑھا دیا ہے، کمیٹی  نے ایران کی حکومت اور عوام سے معصوم جانوں کے ضیاع پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ 

اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے ایران کے نیوکلیئر اثاثوں پر حملوں کی شدید مذمت کی، نیوکلیئر اثاثوں پر اسرائیلی حملے آئی اے ای اے کے اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

کمیٹی نے ایران کے عوام اور حکومت سے معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہارِ تعزیت کیا اور  زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کے واضح مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے، کمیٹی نے 22 جون کو فردو، نطنز اور اصفہان میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد ممکنہ مزید بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا،جو کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی قراردادوں، متعلقہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔

کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان متعلقہ فریقین سے قریبی رابطے میں ہے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششوں اور اقدامات کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

کمیٹی نے تمام متعلقہ فریقین سے مطالبہ کیا کہ تنازعے کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔کمیٹی نے بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کی پاسداری پر بھی زور دیا۔

Watch Live Public News