ویب ڈیسک:بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اہم میچز سے قبل خود کو ذہنی طور پر تیار کرنے کے لیے پنجابی گلوکار کرن اوجلا کا مقبول گانا "وننگ اسپیچ" سنتے ہیں۔
ایک حالیہ تقریب کے دوران ویرات کوہلی نے کرن اوجلا کے سامنے ان کے گانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک نغمہ نہیں بلکہ جدوجہد، عزم اور کامیابی کی کہانی ہے، جس سے وہ ذاتی طور پر گہرا تعلق محسوس کرتے ہیں۔
گلوکار سے گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا، "آپ دل سے گانے لکھتے ہیں۔ آپ کا گانا 'وننگ اسپیچ' مجھے سب سے زیادہ متاثر کرتا ہے کیونکہ یہ ان مشکلات اور چیلنجز کی عکاسی کرتا ہے جن کا آپ نے اپنی زندگی میں سامنا کیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس گانے میں انہیں اپنے ذاتی سفر اور رشتوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ ویرات کوہلی کے مطابق، "میں نے بھی کم عمری میں اپنے والد کو کھو دیا تھا، اسی لیے یہ گانا میرے دل کے بہت قریب ہے۔ جب بھی میں میچ کھیلنے کے لیے میدان میں اترتا ہوں، اکثر اس گانے کو سن کر خود کو حوصلہ اور توانائی دیتا ہوں۔"
بھارتی بیٹر نے دباؤ بھرے لمحات سے نمٹنے کے حوالے سے بھی اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میچ نازک مرحلے میں داخل ہو جاتا ہے اور لوگ امید کھونے لگتے ہیں تو وہ اسی وقت کھیل کا پانسہ پلٹنے اور اپنی ٹیم کے لیے مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ویرات کوہلی کے اس بیان نے مداحوں کو ان کی شخصیت کے ایک اور پہلو سے روشناس کرایا ہے، جہاں موسیقی نہ صرف ان کی پسند بلکہ میدان میں بہترین کارکردگی کے لیے ایک اہم محرک بھی ثابت ہوتی ہے۔