’’آئیے! ہم سب مل کر پاکستان کو ریاست مدینہ بنائیں‘‘

’’آئیے! ہم سب مل کر پاکستان کو ریاست مدینہ بنائیں‘‘
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئیے، آج ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر قانون کی حکمرانی، میرٹ کی بالادستی، برابری اور رحمدلی پر مبنی انسان دوست، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ اﷲ تعالیٰ ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ یوم پاکستان پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 23 مارچ 1940 ایک تاریخی موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے آپ کو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نےہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضع کیے گئے ۔اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری عظیم قوم نے ماضی میں اتحاد اور بھرپور عزم کے ذریعے کٹھن چیلنجوں پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا ہے، آج ہمیں اس وباء کا سامنا کرنے کے لئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، انشاءﷲ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں بھی سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس دن ہم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بدترین ریاستی جبر کا سامنا ہے، ہم ان کی جرأت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

Watch Live Public News