اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، یوم پاکستان پر پوری قوم بانیانِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم ثبوت ہے کہ مسلم قیادت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے ، یوم پاکستان بحیثیت قوم ہمیں کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کرواتا ہے ، آزادی کے وقت ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا تھا ، چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا ، معاشرے میں عدم مساوات کم کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے کی بھی ضرورت ہے، خصوصی افراد کے حقوق کی فراہمی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے مزید کام کرنا ہے ۔ صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان نے ریاستی ادارے قائم کیے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان نے جوہری صلاحیت حاصل کی ہیں ، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا، پاکستانی قوم نے قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مزید کام کرنا ہوگا ، ماضی کی کامیابیوں کے پیشِ نظر یقین ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں ، انہوں نے واضح کیا ہے کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں ۔