نادرا نے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے موبائل ایپ متعارف کرادی

نادرا نے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے موبائل ایپ متعارف کرادی
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری سنادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کا کہنا ہے کہ جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے صارفین شناختی دستاویزات بنوانے کے مراحل مکمل کر کے اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) طارق ملک کا کہنا ہے کہ نئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بایومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے، جن کی بدولت آپ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں پیش آنے والے تمام مراحل اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی مکمل کر سکتے ہیں۔ طارق ملک نے کہا کہ صارفین ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرسکتے ہیں، تصویر اور فنگر پرنٹس بنا سکتے ہیں اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدت آمیز اقدام خدمات میں بہتری کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا، یہ موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کیلئے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ اس ایپ کی تیاری میں ”کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی“ کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہری اس ایپ میں دیئے گئے سروے کے ذریعے ہمیں اپنی مفید آراء سے ضرور آگاہ کریں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔