(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلاقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب، شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی میں پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت مانیٹر کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام 16 خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحدی نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غلام خان کلے، شمالی وزیرِستان میں فتنہ الخوارج کی افغانستان سے پاکستان در اندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی.
انہوں ںے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کرنے والے تمام 16 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دھشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے. مجھ سمیت پوری، پاکستان کی دھشتگردوں سے حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک افغان بارڈر سے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کی شمالی وزیرستان میں دراندازی کو ناکام بنایا۔ بہادر سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 16 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے 16 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پرسیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے۔خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں قوم سییکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔