صدر آذربائیجان کا شہباز شریف کو خط، یوم پاکستان پر وزیر اعظم ،پاکستانی عوام کو مبارکباد

صدر آذربائیجان کا شہباز شریف کو خط، یوم پاکستان پر وزیر اعظم ،پاکستانی عوام کو مبارکباد

(ویب ڈیسک )  صدرآذربائیجان الہام علیوف  نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا ، یوم  پاکستان پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دی۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون  کو مزید وسعت دینے کے عزم کااظہار کیا گیا۔

صدرعلیوف نے کہا کہ  معیشت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹک، توانائی، سرمایہ کاری، دفاعی صنعت اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں ہماری کامیاب مشترکہ کاوشیں ہمارے تعلقات کیلئے کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ  عالمی امور پر پاکستان اور آذربائیجان کا موقف اور باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کا اظہار ہے۔

صدر آذاربائیجان نے کہا کہ  پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات جامع ترقی سے جڑے ہیں جن کی بنیادیں باہمی ثقافتی اقدار اوریکجہتی سے مزین  اور  احترام اور اعتماد پر محیط ہیں۔ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین اعلیٰ سطح دورے، ملاقاتیں اور رابطے  ہمارے تعلقات میں نمایاں اضافے کا واضح اشارہ ہیں۔

صدر الہام علیوف نے کہا کہ   ہم باہمی اعتماد، مفاہمت اور اخلاص پر مبنی مفید ملاقاتوں کو سراہتے ہیں جو گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے آذر بائیجان کے سرکاری دورہ کے موقع پر ہوئیں۔

انہوں نے خط میں کہا کہ  وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کے تعاون کی مثبت سمت کا تعین کریں گے۔  انشا اللہ پاکستان اور آذربائیجان مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔

 صدر علیوف نے مزید کہا کہ   پاکستان اور آذربائیجان کے مابین روایتی دوستی اور تذویراتی شراکت داری اطمینان بخش ہے، اس سے دونوں ممالک کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات اور عوامی اتحاد مزید مستحکم ہوگا۔   وزیراعظم شہباز شریف کیلئے صحت اور کامیابیوں اور پاکستان کے برادر عوام کیلئے امن ، خوشحالی اور بہتری کیلئے دعا گو ہیں۔ 

Watch Live Public News