ویب ڈیسک: یوم پاکستان کے موقع پر عسکری قیادت اور مسلح افواج نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یوم پاکستان کی 86 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔
عسکری قیادت نے کہا کہ یہ دن ایمان، امید اور استقامت کی علامت ہے، اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان جمہوریت کے تسلسل کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز کے باوجود مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام متحد ہو کر ان خطرات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
عسکری قیادت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ملک کی سرحدوں کے دفاع، خود مختاری کے تحفظ اور اندرونی امن کے قیام کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔