ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں اور برادر ایرانی عوام کو عید الفطر اور نوروز کی مبارک باد پیش کی۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم کے جذبات کا پرتپاک جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس دوران وزیراعظم نے جاری کشیدگی کے تناظر میں بہادر ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحتیابی و سلامتی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی خطے میں جاری خطرناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔