گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے کمیٹی تشکیل دیدی

گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے کمیٹی تشکیل دیدی

(ویب ڈیسک )   گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے کمیٹی تشکیل دے دی۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر اعظم آفس نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ کمیٹی 30  دنوں کے اندر مشاہدے اور احکامات کی روشنی میں وزیر اعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

کمیٹی میں 4 وفاقی وزرا سمیت 3 صوبائی وزرا بھی شامل ہیں۔صوبائی وزرا انجینئر محمد انور ، انجینئراسماعیل اور فتح اللہ خان شامل ہیں۔اس کے علاوہ  چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بھی کمیٹی کے ممبر ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ   کمیٹی کا مقصد گلگت بلتستان کے مالی معاملات کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنا، دیامر بھاشا ڈیم سے گلگت بلتستان کو خالص ہائیڈل منافع کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنا  ہے۔ گلگت بلتستان میں چار اضافی اضلاع (تاتل، تانگیر، روندو، گوپس/یٰسین) کے قیام کی فزیبلٹی کا جائزہ لینا اور قابل عمل سفارشات فراہم کرنا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنا اور عملدرآمد کا پلان فراہم کرنا  ہے۔ گندم کی سبسڈی کے لیے ایک طویل المدتی پائیدار منصوبہ پر غور کرنا اور تجویز کرنا جس میں گندم کی قیمت کو معقول بنانا اور ٹارگٹڈ سبسڈی شامل ہو سکتی ہے۔وزارت  امور کشمیر اور گلگت بلتستان کمیٹی کو سیکرٹریل معاونت فراہم کرے گی۔

Watch Live Public News