ویب ڈیسک: مودی سرکار نے پاکستان کیخلاف جنگ میں بدترین ناکامی کے بعد معصوم کشمیری عوام سے انتقامی کاروائی کا آغاز کردیا۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم عوام پر ظلم و جبر کی انتہا کردی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی قابض فورسز کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کشتواڑ میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیری نوجوانوں کو ضلع کشتواڑ کے علاقے سنگھ پورہ، چھترُو میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے علاقے کو غیر قانونی طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔بھارتی فوج معصوم آزادی پسند کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔حقِ خود ارادیت کے حامی نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند اور امن دوست کشمیریوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔قابض بھارتی حکام نے کشمیریوں کی املاک گرانے کا سلسلہ بھی تیز کر دیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور پاکستان سے حالیہ جنگ میں شکست کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار اپنی رسوائی اور ناکامی چھپانے کے لیے معصوم کشمیری عوام سے انتقام لے رہی ہے۔بھارت کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کے لیے موت کا پیغام بن رہی ہے، فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔