خضدار کے شہداء کو قوم کا سلام، بھارت کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کریں گے: عطا تارڑ

خضدار کے شہداء کو قوم کا سلام، بھارت کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کریں گے: عطا تارڑ
کیپشن: خضدار کے شہداء کو قوم کا سلام، بھارت کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کریں گے: عطا تارڑ

ویب ڈیسک: خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے زخمی بچوں کی عیادت اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کا عزم ناقابلِ تسخیر ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔

انہوں نے واقعے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے بچوں نے عظیم قربانی دی ہے، جن کا حوصلہ اور جذبہ ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے۔" وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایک شہید صوبیدار نے دو بیٹیوں کو دفنایا، جب کہ ان کا تیسرا بیٹا شدید زخمی حالت میں ہے، اس کے باوجود وہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔

عطا تارڑ نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "معرکۂ حق میں شکست کے بعد بھارت سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور گلزار امام شمبے و سرفراز بنگلزئی کے اعترافات بھارت کے مکروہ کردار کا ثبوت ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ "ہم بھارت کی پراکسی جنگ کو ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔ جعفر ایکسپریس واقعے کی ویڈیوز بھی بھارتی میڈیا کو فراہم کی گئیں، جو اس سازش میں براہِ راست ملوث ہونے کا ثبوت ہیں۔"

عطا تارڑ نے کہا کہ "وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، اور افواج پاکستان کی قیادت نے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔" انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ میں بھارت کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا، ان کے چھ جہاز مار گرائے گئے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف تقویت حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ "ہم بلوچستان کے مسائل کو تسلسل کے ساتھ حل کرتے رہیں گے، اور یہاں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔"

عطا تارڑ نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ایسے والدین اور بچے ہماری قومی غیرت کا نشان ہیں۔ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔"

Watch Live Public News