ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی معروف اداکارہ سحر ہاشمی کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے، اداکارہ نے اب تک جتنے بھی ڈرامے کئے دیکھنے والوں نے ان کو پسند کیا اور سحرہاشمی کی اداکاری کی تعریف کی، مداح اپنی پسندیدہ اداکارہ کی شادی کے بارے میں قیاس آرائیاں کررہے کہ وہ جلد ہی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گی۔
اداکارہ سحر ہاشمی نے خود ہی اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے بتا دیا کہ انہیں کیسا جیون ساتھی چاہیے؟ اداکارہ نے بتایا کہ شریکِ حیات ایک سادہ، بردبار اور خیال رکھنے والا ہو۔
سحر ہاشمی نے کہا کہ ’میرا شوہر ایسا ہو جو مجھے کھانے کھلائے، میرے تھکے ہوئے دنوں میں میرے پیر دبائے، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اسے چائے بنانی آنی چاہیے، میں سمجھتی ہوں کہ ایک لڑکے کو اچھی چائے بنانی آنی چاہیے، یہ بہت اہم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا’میں خود بہت جذباتی ہوں، اکثر کسی پریشانی کی صورت میں شدید ردِعمل دیتی ہوں، اس لیے میں چاہتی ہوں کہ میرا شریکِ حیات ایک پُرسکون، سمجھدار اور معاملہ فہم شخص ہو، جو میرے جذبات کو سمجھ سکے اور میرے مسائل کا حل تلاش کرنے میں مدد کرے۔‘
ان کی اس کھری اور سادہ گفتگو کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ ناظرین نہ صرف ان کی اداکاری کے معترف ہیں بلکہ ان کے دیانتدارانہ انداز اور سچائی پر مبنی خیالات کو بھی سراہتے دکھائی دے رہے ہیں۔