ویب ڈیسک: خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکا۔ ایران تعلقات میں بہتری کی کوششوں کے سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور امریکا۔ ایران تنازع کے تناظر میں سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں مغربی ایشیا کی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور امن کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایسے وقت میں تہران پہنچے ہیں جب امریکا کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی تجاویز پر ایران اپنا ردعمل دینے کے قریب ہے، جبکہ خطے میں سفارتی سرگرمیاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔