ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تکنیکی شراکت داری کو نئی وسعت دی جا سکے۔
بیجنگ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے سرکاری دورۂ چین کے سلسلے میں صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگژو پہنچے ہیں، جہاں صوبائی قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی، مینوفیکچرنگ اور ہنرمندی کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شی جن پنگ اور دیگر چینی رہنماؤں سے ملاقات کے منتظر ہیں، جہاں پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔