24نومبراحتجاج،پی ٹی آئی کےسینکڑوں رہنمااورکارکنان گرفتار

24نومبراحتجاج،پی ٹی آئی کےسینکڑوں رہنمااورکارکنان گرفتار
کیپشن: 24نومبراحتجاج،پی ٹی آئی کےسینکڑوں رہنمااورکارکنان گرفتار

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پکڑ،دھکڑ کا سلسلہ جاری  ہے جبکہ پی ٹی آئی نائب صدر پنجاب اکمل خان باری کو پولیس نے گرفتار کرلیا  ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی نائب صدر پنجاب اکمل خان باری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پی ٹی آئی نائب صدر پنجاب اکمل خان باری کو تھانہ رنگ محل منتقل کردیا گیا۔پولیس نے اکمل خان باری کیساتھ پی ٹی آئی رہنما چوہدری حبیب الرحمان کو بھی گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی نائب صدر پنجاب اکمل خان باری نے گرفتاری کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کچھ بھی کرلے کپتان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، 24 نومبر انشااللہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا دن ثابت ہوگا، فارم 47 والی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب مظفرآبادپولیس نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اسلام آباد جلسے میں شرکت سے روکنے کیلئے آپریشن شروع کردیئے،پولیس نے آپوزیشن لیڈر آزادکشمیر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کے گھر چھاپہ مارا۔خواجہ فاروق بچ نکلے جبکہ بھتیجا رہنما تحریک انصاف خواجہ عاطف بشیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔چھاپوں کے دوران راجہ انصر سمیت فیضان شاہ،باسط قریشی و دیگر کئی رہنما گرفتار کر لیئے گئے ہیں۔

تحریک انصاف نے گرفتاریوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا عندیہ دیدیا۔

سنئیر رہنما نے کہا کہ کوئی طاقت خان کے جلسے میں جانے سے نہیں روک سکتی۔

ادھر صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر میں سینئر قائدین و کارکنان کے گھروں پر پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ آزاد کشمیر پولیس کل رات سے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے ،قائد پاکستان عمران خان کی کال پر ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔

سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ گرفتاریاں اور چھاپے ہمارے کارکنان کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے ،پر امن احتجاج ہمارا حق ہے ، حکومتی فسطائیت ریاست کے ماحول کو مزید خراب کر رہی ہے،پاکستان و آزاد کشمیر میں رول آف لا کیلئے جد و جہد جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کل ہر صورت اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے اور ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کردیا۔ سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کہتے ہیں تمام رکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ احتجاج ہر صورت ہوگا، ڈی چوک پر دھرنا ہوگا، تمام رکاوٹیں پار کرکے منزل پر پہنچیں گے، اس بار واپسی نہیں ہوگی۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ‏آئین پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے، 24 نومبر کو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی۔

یاد رہے کہ لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا ہے، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے ہیں، لاہور رنگ بھی ٹریفک کے لئے بند ہے۔ 

ادھر ایکسپریس وے، ڈی چوک، زیرو پوائنٹ پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں، میٹرو بس سروس اسلام آباد میں آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ تک بند رہے گی۔وفاقی دارالحکومت میں بس اڈے بھی بند کردیئے گئے ہیں، راولپنڈی میں بھی تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اڈے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہر میں جبکہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت جلسے جلوسوں، دھرنوں، ریلیوں سمیت ہر قسم کے احتجاج پر پابندی عائد ہو گی۔اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں ہاسٹلز وغیرہ بھی خالی کروائے جا رہے ہیں۔

Watch Live Public News