(ویب ڈیسک ) قومی اسمبلی اور صوبائی اسبملی کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے 13 حلقوں میں 8 سے 5 بجے تک بغیر وقفے کے پولنگ جاری رہی ،مجموعی طور پر پولنگ پرامن ماحول میں ہوئی ،کسی حلقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔
قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں الیکشن ہوا ،تمام حلقوں میں ٹرن آؤٹ کم رہا ،دن بھر ووٹنگ سست روی کا شکار رہی۔
پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی، پولنگ سٹیشنز کے دروازے بند کر دیے گئے ۔الیکشن کیمیشن کا کہنا ہے کہ صرف اندر موجود افراد ہی ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
پنجاب کے قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے۔ سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔ 2 ہزار 792 پولنگ سٹیشنز میں سے 408 انتہائی حساس، ایک ہزار 32 حساس قرار دیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے جس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔