ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ ٹو کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بھارت نے پاکستان کا 160 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا.بھارت کی جانب سے ایل راہول 4 رنز پر آؤٹ ہوئے، کپتان روہت شرما 4 اور سوریا کمار یادیو 15 رنز بنا سکے. اکسر پٹیل کو 2 رنز پر بابر نے رن آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کوہلی اور پانڈیا نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 5 ویں وکٹ پر 113 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ہاردک پانڈیا 40 جبکہ ویرات کوہلی 53 گیندوں پر 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے. پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔تاہم پاکستان کی دو وکٹیں جلد ی گر گئیں، بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے بابر اعظم کو اپنے پہلے اوور میں جبکہ محمد رضوان کو 4 رنز پر چوتھے اوور کی آخری گیند پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شان مسعود اور افتخار احمد نے پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کو سنبھالا۔ افتخار احمد نے 32 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنا ئے ، شاداب خان 5 ، حیدر علی 2،محمد نواز 9 ، آصف علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھونیشور کمار اور شامی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔