توشہ خانہ ٹو کیس:بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور،فوری رہائی کاحکم

توشہ خانہ ٹو کیس:بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور،فوری رہائی کاحکم
کیپشن: توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ  نے بشری بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواست ضمانت منظورکرلی۔

تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کر لئے تھے،ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیرمجید عدالت میں پیش  ہوئے اور دلائل کا آغاز کردیا۔

جسٹس گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل کو موقع ملے تو آذربائیجان جا کر دیکھیں،دنیا کے صدور کو جو گفٹ ملتے ہیں وہ ان کی تصاویر کیساتھ رکھتے ہیں،یاسر عرفات کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے ماڈل کا تحفہ بھی وہاں ہے،وہاں جانا ہوا، مجھے وہاں پر محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر نظر آئی،بدقسمتی سے کسی اور کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ ریاست کو ملنے والا گفٹ جمع کرانااور ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے،قانونی طریقے سے خریدے جانے تک گفٹ ریاست کی ملکیت ہوتا ہے،پروسیجر کے تحت قیمت کا تخمینہ لگنے کے بعد 4ماہ میں تحفہ خریدا جا سکتا ہے،کیس ایسے گفٹ سے متعلق ہے جو جمع ہی نہیں کرایا گیا، ریاست کا ملکیتی تحفہ خریدنے سے قبل اپنے پاس نہیں رکھا جا سکتا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا  کہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ملزم کیوں بنایا گیا؟۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہاکہ پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی عمران خان تھے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طرح کا کیس ہے،اس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کئے کا ذمہ دارٹھہرایا گیا تھا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ یہ کیس اس سے تھوڑا مختلف ہے۔

جسٹس گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ توشہ خانہ کی تحفے کی قیمت کا درست تخمینہ آکشن کے ذریعے ہی لگایا جا سکتا ہے،آپ کسی شاپ سے گھڑی لے کر نکلیں، پھر بعد میں اس کی قیمت لگوائیں تو کیا قیمت لگے گی؟

عدالت نےپراسیکیوٹرسےمکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگراب یہ بلغاری سیٹ واپس کر دیں تو کیا ہو گا؟۔

 پراسیکیوٹرنے کہا کہ نیب قانون میں توپلی بارگین ہے لیکن اس قانون میں ایسی کوئی شق نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظورکرلی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ضمانت منظور کی،  عدالت نے 10 ،10 لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔

Watch Live Public News