سعد رضوی کی گرفتاری کب ہوگی؟ عظمیٰ بخاری نے بتادیا

سعد رضوی کی گرفتاری کب ہوگی؟ عظمیٰ بخاری نے بتادیا
کیپشن: سعد رضوی کی گرفتاری کب ہوگی؟ عظمیٰ بخاری نے بتادیا

ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنماؤں، رضوی برادران کی گرفتاری انسانی جانوں کے تحفظ  پر کی جائے گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ دونوں بھائیوں کی گرفتاری جلد کر لی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹی ایل پی کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا، گاڑیاں چھینی گئیں، اور شہری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کو جلانا اور غیر مسلموں سے زیادتی کرنا اسلام کا پیغام نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور فلسطین کی آزادی کے لیے نکلنے والوں نے چیزوں کو جلایا، لیکن ٹی ایل پی کے احتجاج میں فائر آرمز کی گولیاں، کیل لگے ڈنڈے، غلیل اور پستول بھی استعمال کیے گئے۔ ان ہتھیاروں کی گولیوں سے پولیس اہلکار اور شہری بھی زخمی ہوئے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی کے بارے میں فیصلہ جلد متوقع ہے اور وفاقی حکومت ہی اس انتہا پسند جماعت کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رضوی برادران کی گرفتاری انسانی جانوں کے تحفظ کی غرض سے کی جائے گی اور اس کارروائی کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ٹی ایل پی نے دوبارہ ایسی کوشش کی تو ریاست سے لڑنا ممکن نہیں ہوگا اور اس حکومت نے جو بھی فیصلہ کیا ہے، وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ مارکیٹ بند کرانے یا ٹرانسپورٹ روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں انتہاپسند جتھوں کے پوسٹرز اور پبلسٹی پر پابندی لگا دی گئی ہے، تاہم کسی مسجد کو بند نہیں کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں اب اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیے جائیں گے اور اسلحے سے پاک پنجاب کی جانب قدم بڑھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جن اسلحہ ڈیلرز کے پاس لائسنس نہیں تھے، ان کی دکانیں سیل کر دی گئی ہیں اور اسلحہ ڈیلرز کے کاغذات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

Watch Live Public News