شزا فاطمہ نے آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ نوجوانوں کو بڑی خوشخبری سنادی

شزا فاطمہ نے آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ نوجوانوں کو بڑی خوشخبری سنادی
کیپشن: شیزا فاطمہ نے آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ نوجوانوں کو بڑی خوشخبری سنادی

ویب ڈیسک: وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزا فاطمہ نے آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سنائی ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے زیر اہتمام ٹیک انیشیٹیو پروگرام کی افتتاحی تقریب میں وزیر آئی ٹی نے چھ نئے آئی ٹی پروگرامز کا آغاز کیا۔ وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے، کیونکہ ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کی محنت سے معیشت میں اہم اضافہ ممکن ہے۔

وزیر آئی ٹی نے پروگرامز میں پرائم منسٹر اسکل ٹیک پاکستان کا ذکر کیا، جس کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اسکل برج پروگرام کے تحت آئی ٹی انڈسٹری میں انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، اور رواں سال 9 ہزار طلبہ کو انٹرن شپ ملے گی۔

"اسکل لفٹ 1.0" پروگرام کے تحت 18 ہزار نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکیورٹی اور بلاک چین کی ٹریننگ دی جائے گی۔ سافٹ اسکلز پروگرام میں کمیونیکیشن، فنانشل، اور مارکیٹنگ اسکلز کے ساتھ ای میل اور عالمی سطح پر بات چیت کی تربیت بھی شامل ہوگی۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ "سرٹیفائی ٹو ایکسپورٹ" پروگرام کے ذریعے ایکسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی فرمز سے معاہدے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، ایک سہولت مرکز قائم کیا جائے گا جو آئی ٹی کمپنیوں اور اسمال انڈسٹریز کو رجسٹریشن، ٹیکسیشن، اور شکایات کے ازالے میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تاریخی معاہدے کیے گئے ہیں اور عالمی ادارے جیسے ورلڈ بینک اور اے ڈی پی کے ساتھ بھی پاکستان کے لیے پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔ شیزا فاطمہ نے یہ بھی بتایا کہ امریکا اور چین کے ساتھ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے اور سب مل کر آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی ٹی ایکسپورٹ کا 25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کیا جائے گا اور صحت، تعلیم، اور زراعت کے شعبوں میں بھی آئی ٹی کے ذریعے بہتری لائی جائے گی۔

Watch Live Public News