چین پر ٹیرف کی کمی کا دارومدار چینی قیادت پر ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

چین پر ٹیرف کی کمی کا دارومدار چینی قیادت پر ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
کیپشن: چین پر ٹیرف کی کمی کا دارومدار چینی قیادت پر ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین پر عائد ٹیرف میں کمی کا فیصلہ آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے اور یہ مکمل طور پر بیجنگ کی قیادت کے طرزِ عمل پر منحصر ہوگا۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا چین کے ساتھ ایک بہتر اور مثبت تجارتی معاہدے کی جانب بڑھ رہا ہے، اور اگر چین نے تعاون نہ کیا تو واشنگٹن اپنے طور پر فیصلہ کرے گا۔ ان کے مطابق، اگلے 2 سے 3 ہفتوں کے اندر چین کے لیے ٹیرف سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ " چین کو بالآخر معاہدہ کرنا پڑے گا اور اگر ایسا نہ ہوا تو ہم اپنی شرائط کے مطابق معاہدہ طے کریں گے۔"

روسی صدر سے ملاقات کا عندیہ

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس اور یوکرین سے متعلق ایک معاہدہ ممکن ہو چکا ہے، اور جلد ہی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہو سکتی ہے۔

کینیڈین کاروں پر بھی نظر

ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر ٹیرف میں ممکنہ اضافے کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کینیڈا کے ساتھ تجارتی معاہدے پر کام کر رہا ہے، لیکن کینیڈین کاروں پر اضافی محصول عائد کیا جا سکتا ہے۔

پس منظر میں جاری تجارتی کشیدگی

یاد رہے کہ امریکا نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد تک کے بھاری ٹیرف عائد کر رکھے ہیں، جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر 125 فیصد تک ٹیرف لگا دیے ہیں۔ تاہم، چینی وزارتِ خارجہ نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ بیجنگ، واشنگٹن کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

Watch Live Public News