ویب ڈیسک: کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں واقع تھانے میں قانون کے طلبا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس کے دوران توڑ پھوڑ اور تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ واقعے میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے چار طلبا زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب دو طلبا کو مشتبہ سمجھ کر پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے لیے روکا، جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ اس کے بعد طلبا نے تھانے میں جمع ہو کر احتجاج کیا۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ پولیس نے طلبا کو تھانے میں تذلیل کا نشانہ بنایا اور تشدد بھی کیا، جس کے خلاف جب طلبا نے ایف آئی آر کے لیے درخواست دی تو مزید جھگڑا ہوا۔ اسی دوران پولیس نے مبینہ طور پر فائرنگ کی جس سے چار طلبا زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ وکلاء نے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔