پنجاب سمیت ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال

پنجاب سمیت ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال
کیپشن: پنجاب سمیت ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال

ویب ڈیسک: پنجاب سمیت ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال کے بارے میں پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے۔ 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق  پنجاب میں آج بھی ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔  اپریل کے اختتام تک درجہ حرارت 45   ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے ۔ساؤتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بہاولنگر 44ڈگری رحیم یار خان بھکر 42 جبکہ کوٹ ادو میں 41 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ لاہور سمیت میدانی علاقوں میں تقریباً 40 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ سرگودھا ساہیوال اوکاڑہ ملتان منڈی بہاوالدین خانیوال قصور لیہ جھنگ حافظ آباد اور فیصل آباد میں 40 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اےعرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم  ہیں ۔ 

پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ  میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں ۔گرمی کی لہر کے اثرات معمر افراد بچوں اور بیماروں پر زیادہ ہو سکتے ہیں۔ سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں۔غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129  پر کال کریں ۔

کراچی میں ہیٹ ویو ختم، سمندری ہوائیں جزوی بحال

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام تک سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے کا امکان ہے۔آج سے شہر کے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے دو یا تین ڈگری زائد محسوس ہوگا۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت تیز دھوپ کا راج ہے۔موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔گرمی کی شدت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔جنوب مغرب سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے۔

خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان:

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ بعدازدوپہر مری ، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کشمیر  اور  گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے  کے علاوہ چند مقامات پر  گرج چمک کے ساتھ ہلکی   بارش  ہو سکتی ہے۔

Watch Live Public News