گوگل ڈرائیو میں ویڈیو ایڈیٹنگ کی نئی سہولت متعارف  

گوگل ڈرائیو میں ویڈیو ایڈیٹنگ کی نئی سہولت متعارف  

(ویب ڈیسک )گوگل نے صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل ڈرائیو میں ایک نیا اور زبردست ویڈیو ایڈیٹنگ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کی بدولت اب ویڈیوز کو براہِ راست ڈرائیو میں ایڈٹ کیا جا سکتا ہے — یعنی ویڈیو کو کاٹنا، اس میں ٹیکسٹ یا موسیقی شامل کرنا اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، جب صارف گوگل ڈرائیو پر کسی ویڈیو کا پریویو دیکھتے ہیں تو انہیں ایک نیا "اوپن" بٹن نظر آتا ہے۔ اس بٹن پر کلک کرنے سے ویڈیو گوگل وڈز میں کھلتی ہے، جہاں صارف اسے بغیر کسی اضافی سافٹ ویئر کے فوری طور پر ایڈٹ کر سکتے ہیں۔

اس سہولت کے تحت صارفین کو ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنے یا الگ ویڈیو ایڈیٹر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ تمام ایڈیٹنگ ٹولز براہِ راست ڈرائیو سے ہی دستیاب ہوں گے۔

یہ فیچر گوگل ورک اسپیس صارفین کے لیے ڈیفالٹ کے طور پر فعال ہے، البتہ ادارے کے ایڈمنز چاہیں تو اسے بند بھی کر سکتے ہیں۔

نیا فیچر 21 اگست 2025 سے مرحلہ وار متعارف ہونا شروع ہو گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ تمام صارفین تک آئندہ دو ہفتوں میں دستیاب ہو جائے گا۔

یہ اپ ڈیٹ گوگل کی جانب سے ڈرائیو کو مزید مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے تحت اکتوبر 2024 میں نیا ویڈیو پلیئر اور مئی 2025 میں جیمینائی اے آئی پر مبنی ویڈیو سمری کا فیچر بھی جاری کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News