ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں گرمیوں کی طویل تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں۔
22 مئی سے 23 اگست تک جاری رہنے والی گرمیوں کی تعطیلات کے بعد اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں آج سے معمول کی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ تین ماہ کے طویل وقفے کے بعد کلاس رومز ایک بار پھر آباد ہوگئے۔ پہلے روز طلبہ اپنے دوستوں اور اساتذہ سے ملاقات پر خوش دکھائی دیے، جبکہ تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگیا۔
پنجاب حکومت نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر رواں سال تقریباً تین ماہ کی طویل موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں اسکول اوقات کے دوران سڑکوں اور تعلیمی اداروں سے ملحقہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ طویل عرصے سے نسبتاً سنسان رہنے والے اسکول روٹس پر والدین، طلبہ اور اسکول وینز کی آمدورفت بھی معمول پر آگئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے اسکولوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں اور اسکول روٹس پر ٹریفک وارڈنز تعینات کیے ہیں، جبکہ رش کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اسکول اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور عملے کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسکول کھلنے سے قبل صفائی ستھرائی اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے بھی خصوصی اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔