(ویب ڈیسک) پاکستان نے ایف آئی وی بی انڈر 17 ورلڈ والی بال چیمپئن شپ میں الجزائر کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔
دوحہ میں جاری ایونٹ کے میچ میں قومی ٹیم نے الجزائر کو تینوں سیٹس میں 25-17 کے یکساں اسکور سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے فہد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20 پوائنٹس اسکور کیے، جن میں 16 اٹیک اور 4 بلاک کے پوائنٹس شامل تھے۔
پاکستان نے میچ کے دوران اٹیک سے 37، بلاک سے 11 اور سروس سے 4 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ حریف ٹیم کی غلطیوں سے قومی ٹیم کو مزید 23 پوائنٹس ملے۔ الجزائر نے سروس پر 2 پوائنٹس حاصل کیے۔
قومی ٹیم اس سے قبل چائنیز تائپے کو بھی 3-0 سے شکست دے چکی ہے، جبکہ ایران کے خلاف اسے 0-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ انڈر 17 ورلڈ والی بال چیمپئن شپ 2026 قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 19 سے 29 اگست تک جاری ہے، جبکہ راؤنڈ آف 16 کے مقابلے 25 اگست سے شروع ہوں گے۔