لیبیا کے آرمی چیف طیارہ حادثے میں جان کی بازی ہار گئے

لیبیا کے آرمی چیف طیارہ حادثے میں جان کی بازی ہار گئے
کیپشن: لیبیا کے آرمی چیف طیارہ حادثے میں جان کی بازی ہار گئے

ویب ڈیسک: لیبیا کے آرمی چیف، جنرل محمد علی احمد الحداد کا طیارہ ترکیہ کے شہر انقرہ سے روانہ ہونے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارہ انقرہ ایئرپورٹ سے شام 8:10 بجے روانہ ہوا اور 8:52 بجے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد انقرہ کے نواحی علاقے ہیمانہ میں طیارے کا ملبہ ملا۔

ترک میڈیا کے مطابق لیبیا کے وزیراعظم نے آرمی چیف کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ طیارے میں آرمی چیف کے علاوہ لیبیا کی بری افواج کے کمانڈر، ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر، چیف آف اسٹاف کے مشیر اور فوٹوگرافر بھی سوار تھے، جو اس حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

حادثے کے وقت لیبیا کے آرمی چیف ترکیہ کے سرکاری دورے کے بعد طرابلس واپس جا رہے تھے۔ اس دورے میں انہوں نے ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر اور اپنے ہم منصب سیلچک بایرکٹاروغلو سے ملاقات کی تھی۔

حادثہ ایک ایسے دن پیش آیا جب ترکیہ کی پارلیمنٹ نے لیبیا میں اپنے فوجیوں کی مزید دو سال تک تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ طیارے کی تباہی کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں۔

Watch Live Public News