نیویارک اور پیرس میں واقع پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری میں شامل نہیں ہیں،مشیر برائے نجکاری

نیویارک اور پیرس میں واقع پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری میں شامل نہیں ہیں،مشیر برائے نجکاری
کیپشن: نیویارک اور پیرس میں واقع پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری میں شامل نہیں ہیں،مشیر برائے نجکاری

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے واضح کیا ہے کہ نیویارک اور پیرس میں واقع پی آئی اے کے ہوٹل نجکاری کے عمل میں شامل نہیں ہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی نے بتایا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے حکومت کی توقع تقریباً 120 ارب روپے تک کی بولی کی تھی، جبکہ لگنے والی بولی حکومت اور خریدار دونوں کے لیے بہتر ثابت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق 125 ارب روپے کی رقم پی آئی اے کو حاصل ہوگی۔

مشیر نجکاری کا کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے کے 18 طیارے آپریشنل ہیں اور حکومت کئی برسوں سے قومی ائیرلائن کی نجکاری کی کوشش کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کنسورشیم کی کامیابی کے بعد اب اس کے لیے پارٹنر تلاش کرنا مشکل نہیں ہوگا۔

محمد علی نے مزید بتایا کہ لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے ایئرپورٹس کو کھلی نیلامی کے ذریعے دیا جائے گا، جبکہ نجکاری کے عمل سے متعلق 2026 میں مزید کامیابیاں سامنے آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے بعد حکومت کو ٹیکس کی مد میں اس سے زیادہ آمدن ہوگی جتنی پہلے ان اداروں سے حاصل ہو رہی تھی۔

مشیر نجکاری نے زور دیا کہ جب تک انرجی سیکٹر کی نجکاری نہیں ہوگی، بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے قومی ائیرلائن کی نجکاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل اچھی قیمت پر مکمل ہوا ہے۔

Watch Live Public News