ویب ڈیسک: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت کا فروغ مذاکرات سے ممکن ہے، ڈیڈلاک سے نہیں، اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس سے قبل چار مرتبہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود مثبت پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی دعوت کے جواب میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل نہیں آیا۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی سیاست کے بجائے محاذ آرائی کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور مذاکرات کرنا ان کی پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔
مشیر سیاسی امور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کسی اور کے پاس فیصلوں کے اختیارات نہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے بجائے افراتفری چاہتے ہیں، جس کے باعث حکومت کے ساتھ بامعنی مذاکرات ممکن نہیں ہو پا رہے۔