حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، فیلڈ مارشل

حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، فیلڈ مارشل

(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ حکومت اور پاک فوج  کی مشترکہ کوششوں  اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ہمارا ملک بتدریج  مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

فورم نے  مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے  معصوم شہریوں  کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی  کی اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں اپنی  جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر ملکی ایماء پر دہشتگردی کے فروغ کے خلاف مادر وطن کا دفاع  کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے  پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش  کیا۔انہوں نے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں  افواج ِ پاکستان کی پُرعزم  کاوشوں کوسراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ  “ حکومت اور پاک فوج  کی مشترکہ کوششوں  اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث ہمارا ملک بتدریج  مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت ووقار کی طرف بڑھ رہا ہے” 

آئی ایس پی آر کے مطابق   فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر  زور دیا۔

شرکاء کانفرنس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ  بھارتی سرپرستی میں  تمام دہشتگردوں ، ان کے سہولت کاروں اور معاونین  کے ساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔ فورم نے  دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کر دیا ۔

فورم نے  اس بات کا اعادہ کیا کہ قومی یکجہتی،  سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وو عناصر  سیاسی  ہوں یا کوئی بھی”،“مسلح افواج  اور  پاکستان کی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی  کسی کو ہرگز اجازت نہیں” ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا، جو مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے اور سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں ۔شرکاء کانفرنس نے پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی  اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔

فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا ۔شرکاء کانفرنس نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کی بھی  توثیق کی۔

شرکاء کانفرنس نے “غزہ میں   فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا” ۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و   چیف آف ڈیفنس فورسز نے  کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت  کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف و   چیف آف ڈیفنس فورسز  نے پاک فوج کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مستقل تحفظ کرتے ہوئے  "کنونشنل اور سب کنونشنل "سے لے کر ہائبرڈ اور غیر متناسب چیلنجز تک کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Watch Live Public News