ویب ڈیسک: اسلام آباد میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایم ٹیگ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق 28 فروری تک ایم ٹیگ حاصل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ یکم مارچ سے بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ایم ٹیگ مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران اب تک 2 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہر میں نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔
ایم ٹیگ مہم کی نگرانی کرنے والے عہدیدار عرفان میمن نے بتایا کہ 28 فروری آخری تاریخ ہے، جس کے بعد بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل سڑک پر لانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والی موٹر سائیکلیں ضبط کر کے متعلقہ تھانوں منتقل کر دی جائیں گی۔
شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ایم ٹیگ سینٹرز چھٹی کے دن بھی کھلے رہیں گے جبکہ اضافی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مقررہ مدت میں رجسٹریشن مکمل کر سکیں۔
عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت ایم ٹیگ حاصل کریں اور شہر کو محفوظ بنانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
حکام کے مطابق ایم ٹیگ سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف سکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں بھی مدد ملے گی۔