(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حج آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی طرف اہم قدم اٹھا یا گیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کردیے گئے۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان و دیگر افسران شریک ہوئے۔
جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق حج کے عمل کو مزید شفاف اور سہل بنایا جا رہا ہے، ڈیجیٹل نظام سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ہوگا،اقدام سے بین الاقوامی سطح کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ آئندہ سال حج درخواست سے وطن واپسی تک اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا،درخواست گذاروں کے لیے سادہ اور آسان فہم آن لائن حج پورٹل قائم کیا جائے گا۔
ایم او یو کے تحت پاک حج موبائل ایپ کو مزید بہتر اور آسان فہم بنایا جائے گا۔پورٹل کے ذریعے سٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر رابطہ، سعودی ٹائم لائنز کی پابندی یقینی بنائی جائے گی۔