ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت ایک اَن گائیڈڈ میزائل ہیں، وہ اچھے آدمی ہیں مگر جارحانہ انداز میں تیز بھاگتے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تفصیلات کےمطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی اور سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت اگر سلمان اکرم راجہ یا بیرسٹر گوہر کو گالیاں دینا شروع کر دیں اور کہیں کہ میں ہی سب کچھ ہوں تو بانی پی ٹی آئی کو انہیں ’’ شٹ اپ کال‘‘ دینا ہی پڑتی ہے، اس بیان کے بعد اب وہ میرے پیچھے پڑ جائیں گے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کینیڈا کے ایک گروپ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی جس کا اہتمام مقامی عہدیداروں کرنل (ر) سہیل انور، سلمان ارشد اور کاشف یوسف نے کیا تھا۔
سردار لطیف کھوسہ نے کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، اگر کسی کو غلط فہمی ہے تو وہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کر کے اپنے علاقے بلکہ اپنے گھر نہیں جا سکتا ہے۔
جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں گے بلکہ الیکشن لڑنے کا حق بھی ہو گا اور اس سلسلے میں پابندیوں کو ختم کر دیں گے۔
سردار لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے امریکہ مداخلت کرے، ہم عوام کی حمایت چاہتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے۔