ویب ڈیسک: روس کے مشرق بعید میں ایک افسوسناک فضائی حادثے میں مسافر بردار طیارہ پہاڑی علاقے سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ بچوں سمیت تمام 49 افراد جاں بحق ہو گئے۔
علاقائی گورنر ویسلی اورلوف کے مطابق طیارے میں 43 مسافر اور 6 فضائی اہلکار سوار تھے۔ طیارہ سائبیریا کی انگارا ایئرلائن کا اے این-24 ماڈل کا جہاز تھا، جو امور ریجن کے شہر ٹِنڈا کی جانب روانہ تھا۔
پرواز کے دوران اچانک ایئر ٹریفک کنٹرول سے طیارے کا رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ ریڈار سے بھی غائب ہو گیا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے طیارے کا ملبہ ٹنڈا شہر سے تقریباً دس کلومیٹر دور ایک پہاڑی علاقے سے برآمد کیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہوا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی طاس نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچ سکا۔ یہ سانحہ روس میں حالیہ برسوں کے بڑے فضائی حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔