(ویب ڈیسک ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے ہمہ وقت تیار رہیں جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے۔ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مشینری اور عملے سمیت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی جلد ممکن بنائی جائے، جبکہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔
عوام کو بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہنے، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے بچنے اور بچوں کو نشیبی علاقوں کے پانی سے دور رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔